09 جون ، 2024
اسلام آباد: متعدد سرکاری ادارے بجلی کے بلوں کی مد میں اربوں روپے کے نادہندہ نکلے، آئیسکو نے بجلی بلز کی ادائیگی کےلیے نادہندہ سرکاری اداروں کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
مختلف سرکاری ادارے مجموعی طور پر آئیسکوکے 71 ارب 16 کروڑ 80 لاکھ روپےکےنادہندہ ہیں۔
حکومت آزاد جموں وکشمیر آئیسکو کی 54 ارب 86 کروڑ 20لاکھ روپے کی نادہندہ ہے جبکہ وزارت دفاع آئیسکو کی 5 ارب 29 کروڑ 50 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔
سی ڈی اے پر آئیسکو کے 4 ارب 6 کروڑ 30لاکھ روپےسے زائد واجب الادا ہیں جبکہ سی ڈی اے (پاک سیکرٹریٹ) ایک ارب 6 کروڑ 50 لاکھ روپے، سی ڈی اے (کیبنٹ سیکرٹریٹ) 11 کروڑ 60 لاکھ روپے اور سی ڈی اے (چیئرمین سینیٹ) آئیسکو کا 6 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔
وزارت داخلہ پر بجلی کے بلوں کی مد میں 14کروڑ 30 لاکھ، پنجاب پولیس پر 13کروڑ 50 لاکھ روپے اور پارلیمنٹ لاجز کے ذمے 11 کروڑ 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
وزارت صحت بجلی بلوں کی مد میں 7 کروڑ 60 لاکھ، پی بی سی7 کروڑ 50 لاکھ روپے، وزارت کلچر اینڈ اسپورٹس 7 کروڑ 50 لاکھ روپے اور وزارت ریلوے 29 کروڑ 50 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔
آئیسکو کے مطابق کینٹ بورڈ چکلالہ نے ایک ارب 64 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ کینٹ بورڈ راولپنڈی نے25 کروڑ 60 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔
واسا راولپنڈی آئیسکو کا 96کروڑ 70 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے جبکہ، وفاقی حکومت کے زیر انتظام اسپتال 27 کروڑ 90 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔
پاکستان پی ڈبلیو ڈی 26کروڑ، وفاقی پولیس25 کروڑ 10 لاکھ روپےکی نادہندہ ہے۔
ٹی ایم اے راول ٹاؤن نے 19کروڑ، ٹی ایم اے مری نے 16 کروڑ 20 لاکھ، پنجاب ہیلتھ اینڈ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے 5 کروڑ 40 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں جبکہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد آئیسکو کا 5 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کا نادہندہ ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق وزارت تعلیم کے ذمے بجلی کے بل کی مد میں 4کروڑ 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
ترجمان کے مطابق نوٹس جاری ہونےکے ایک ہفتے کے اندر بجلی واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ہدایت کی ہے کہ تمام آپریشن سرکلز انچارج سرکاری اداروں سے ریکوری یقینی بنائیں۔