06 فروری ، 2013
اسلام آباد…وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شواہد نہ ہونے کے باعث مجرم عدالتوں سے رہا ہوجاتے ہیں۔حکومت پولیس کی جدید خطوط پر تربیت کے لیے غیر ملکی تربیتی ماہرین بلانے اور افسران کو بیرون ملک بجھوانے کے لیے تیار ہے۔اسلام آباد میں اے ایس پیز کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ موجودہ اسمبلی نے فیئر ٹرائل بل پاس کر کے بہترین کام کیا ہے جس کا مقصد دہشت گردوں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔ اُمید ہے پولیس افسر تھانہ کلچر کو تبدیل کردیں گے،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہورہا ہے، کسی بھی ملک کی پولیس ریاست کے تشخص کی ضمانت ہوتی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس کا متحرک کردار ضروری ہے۔پولیس کو سائنسی بنیادوں پر تحقیقات اور انٹیلی جنس اطلاعات اکٹھی کرنے کا نظام وضع کرنا ہو گا۔