06 فروری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے خاتمے سے متعلق حکومتی درخواست اور ارکان پارلیمنٹ کی اہلیت اور نااہلی سے متعلق آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63 پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اُمورزیرغورہیں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی صدارت میں اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کااجلاس جاری ہے۔حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن سے سرکاری بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس کا جائزہ کمیشن کے اجلاس میں لیا جارہاہے، اجلاس میں کراچی میں ووٹرز لسٹوں کی تصدیق ، نئی حلقہ بندیوں پر پیش رفت اورٹیکس نادہندہ انتخابی امیدواروں اور ارکان پارلیمنٹ سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ بھی لیاجارہاہے۔ کاغذات نامزدگی میں بعض ترامیم بھی زیر غور ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں کے انتخابات اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ سے متعلق امور بھی طے کیے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ اجلاس دوسے تین دن جاری رہ سکتاہے۔