Time 13 جون ، 2024
دنیا

جنوبی افریقا میں منکی پاکس سے پہلی بار اموات کی تصدیق ہوگئی

جنوبی افریقا میں منکی پاکس سے پہلی بار اموات کی تصدیق ہوگئی
جنوبی افریقا کے وزیر صحت نے منکی پاکس سے پہلی دو اموات رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے/ فائل فوٹو

جوہانسبرگ: جنوبی افریقا میں منکی پاکس سے پہلی بار اموات سامنے آگئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا کے وزیر صحت نے منکی پاکس سے پہلی دو اموات رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

 وزیر صحت نے بتایا کہ یہ اموات 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مئی سے اب تک منکی پاکس کے 5 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

جنوبی افریقا کے وزیر صحت نے مزید بتایا کہ منکی پاکس وائرس میں مبتلا افراد کی عمریں 30 سے 39 کے درمیان ہے جب کہ متاثرین کا بیرون ملک میں سفر کرنے کا کوئی ریکارڈ بھی نہیں ہے۔

وزیر صحت نے یہ خیال ظاہر کیا ہےکہ یہ وائرس مقامی سطح پر پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے لوگ اس بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ منکی پاکس کی ابتدائی علامات میں بخار، سردرد، سوجن، کمر اورپٹھوں میں درد شامل ہیں جب کہ منکی پاکس قریبی رابطے کے ذریعے ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے۔