02 جولائی ، 2024
بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو مذہبی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 116 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والے افراد میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ہندو مذہبی تقریب ست سنگ پوجا ضلع ہاتھرس کے دیہی علاقے میں ایک میدان میں منعقد کی گئی تھی، بھارتی حکام کا کہنا ہے تقریب کے اختتام پر ایک ساتھ باہر نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ تقریب میں کم و بیش 50 ہزار لوگ موجود ہوں گے، ہائی وے پر موجود دروازے پر کچھ لوگ دائیں جانب جارہے تھے تو کچھ بائیں جانب اسی وجہ سے بھگدڑ مچی۔
تقریب میں شامل سیمہ نامی خاتون نے بتایا کہ جس وقت بھگدڑ مچی اس وقت وہ تقریب سے واپس جارہی تھیں، وہ تقریب میں اپنے 3 رشتے داروں کے ہمراہ شریک ہوئی تھیں جن میں سے 2 ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 20 ہزار بھارتی روپے کا اعلان کیا ہے۔