Time 14 جون ، 2024
پاکستان

وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹریٹ کرائم اور منشیات مافیا کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی

وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹریٹ کرائم اور منشیات مافیا کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی
فوٹو: سی ایم ہاؤس سندھ/ایکس

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کے پیچھے منشیات مافیا کا اہم کردار ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے تدارک کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی تیز کرنی ہوگی۔

کراچی سمیت صوبے میں میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس موبائلوں میں ٹریکرز لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کا پہلا مرحلہ 5.6 بلین روپے کی لاگت سے شروع ہوچکا ہے، منصوبے کے تحت 1300 کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 574 ڈرگ ڈیلرز ہیں 299 گرفتار کرکے جیل بھیج دیے گئے ہیں، 270 مفرور ڈرگ ڈیلرز کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ 5 ڈرگ ڈیلرز مقابلے میں مارے جا چکے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹرول کیا جائے۔

اجلاس کے دوران کچے کی صورتحال پر بریفنگ میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کچے میں آپریشن کیلئے ڈرونز خریدے گئے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ کچے میں ڈرون کے استعمال کے حوالے سے افسران کو تربیت دی جائے اور کچے میں سکھر پولیس کمانڈو اسکول کو اپ گریڈ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں پولیس پیٹرولنگ کو مزید بہتر کرنے اور پولیس پیٹرولنگ کے دوران سینیئر افسران موجود ہونے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، ضیا لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایس ایم بی آر بقا اللہ انڑ، سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکرٹری وزیراعلیٰ سندھ رحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

مزید خبریں :