Time 18 جون ، 2024
پاکستان

ویڈیو: درندگی کا ایک اور واقعہ، راولپنڈی میں بااثر شخص نے حاملہ گدھی کے کان کاٹ ڈالے

راولپنڈی میں با اثر شخص نے اپنی زمین میں داخل ہونے والی حاملہ گدھی کے دونوں کان کاٹ ڈالے۔

پولیس نے بتایا کہ تھانہ روات کے علاقہ ساگری میں با اثر شخص نے گدھی کے دونوں کان کاٹ دیے جس کا مقدمہ  گدھی کے مالک تنویرحسین کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر  کے متن کے مطابق  مالک تنویر حسین کا کہنا ہے گندم کی کٹائی کے بعد گدھی کو  پانی پینے کے لیے آزاد چھوڑا تھا کہ وہ کسی کی زمین میں چلی گئی، ملزم ارشد محمود نے گدھی کے دونوں کان کاٹ ڈالے۔

آیف آئی آر کے مطابق ارشد علاقے کی با اثر شخصیت ہے اور لوگ اس کا نام لینے سے ڈرتے ہیں لیکن اس حوالے سے متاثرہ گدھی کے مالک کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ میں اپنے جانور کو انصاف دلانے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل حیدرآباد میں بھی گدھے کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی  ٹانگ توڑ دی گئی تھی جبکہ اس سے قبل سانگھڑ میں بااثر وڈیرے کی جانب سے اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

مزید خبریں :