پاکستان
07 فروری ، 2013

بھارت کا آزاد کشمیر پر قبضے کیلئے سقوط ڈھاکا کی طرز کا آپریشن ،رپورٹ

 بھارت کا آزاد کشمیر پر قبضے کیلئے سقوط ڈھاکا کی طرز کا آپریشن ،رپورٹ

کراچی… محمد رفیق مانگٹ… برطانوی اخبار ”دی میل“ اور بھارتی اخبار” دکن ہیرالڈ“ نے مقبوضہ جموں و کشمیرکے رکن اسمبلی کے حوالے سے لکھا ہے کہ بھارت پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر پر قبضے کیلئے بنگلادیش کی طرز پر آپریشن کر رہا ہے،بھارت پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل میں مخلص نہیں۔ برطانوی اخبار لکھتا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے رکن اسمبلی(ایم ایل اے) مصطفی کمال کا خیال ہے کہ بھارت نے پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر پر قبضے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر صرف دو افراد کی ہلاکت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی اتنی شدید صورت اختیار کر گئی تھی کہ دونوں ممالک تقریباً جنگ کے دہانے پر آچکے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ بھارت کا ہدف پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر ہیں ۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور یونین وزیر فاروق عبداللہ کے بھائی مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج اور انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) بنگلادیش کی طرز پرریاست کی سیاست میں دخل اندازی کر رہی ہے ۔ بھارتی اخبار لکھتا ہے کہ حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے رہنما اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ کے چچا مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ فوج اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو الگ اور اس پر اپنا کنٹرول کرنے کے لئے بنگلا دیش کی طرز پر آپریشن کر رہی ہے۔اخبار نے ایک مقامی خبر ایجنسی کے حوالے سے لکھا کہ بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ”ریاستی انتظامیہ میں غلط مداخلت کر رہی ہے“ اور آزاد کشمیر میں اسی قسم کے منصوبے پر کام کرر ہی جس طرح 1971میں پاکستان سے بنگلادیش کو الگ کرنے کیلئے کیا ۔انہوں نے فوج اور آئی بی کو کشمیر کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ایجنسیاں1953میں ان کے والد اور نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کی گرفتاری کی ذمہ دار ہیں۔ فوج اور آئی بی ریاست کی خصوصی احیثیت کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ وہ ریاست کی آئینی اور قانونی پوزیشن کو کمزور کرنے ی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ کمال کا کہنا تھا کہ عمر عبداللہ نے گزشتہ سال اسمبلی کے فلور پر کہا تھا کہ فوج اور آئی بی نے تسلسل کے ساتھ ان کی جماعت کو کمزور کرنے کی سازش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبداللہ انہیں بتایا کرتے ہیں کہ آئی بی کے خلاف نہ جاوٴ ورنہ وہ اسے تنگ مرگ اسمبلی کے حلقے سے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں :