21 جون ، 2024
چینی وزیر لیوجیان چاؤ کے وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان پر ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر نے پاکستان کے ساتھ 5 راہداریوں کی تیاری کے لیےمل کرکام کرنےکا اظہارکیا ہے، ان راہداریوں کا مقصد سی پیک کے اپ گریڈیڈ ورژن لانا ہے۔
ترجمان کے مطابق چینی وزیرنے پاک چین تعلقات کے مزید فروغ کے لیے سیاسی جماعتوں کے مل کر کام کرنےکی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ چینی وزیر نے سی پیک پر وسیع سیاسی اتفاق رائے اور باہمی تعاون کے مزید پلیٹ فارمزکے لیےکام کرنے پر زور دیا۔
ترجمان کے مطابق چینی وزیر نے چین کی طرف سے سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلےکی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ چینی وزیر یوجیان چاؤ وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کی۔
چینی وزیر نے سی پیک پر ہونے والے پاک چین مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کےلیے سکیورٹی صورتحال کوبہتربنانا ہوگا،پاکستانیوں کی سی پیک کی حمایت کو سراہتے ہیں، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی۔