07 فروری ، 2013
اسلام آباد … الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج کی تعیناتی پر اتفاق کرلیا، چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں کہ کراچی مسئلوں کا شہر بن گیا، ہر روز لوگ قتل ہورہے ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک فوجی کی تعیناتی سے متعلق سیکریٹری دفاع سے بات کریں گے، سیاسی جماعتوں نے کراچی سے متعلق اپنے تحفظات چیف الیکشن کمشنر کو پیش کردیے۔ اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ، کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج کی تعیناتی پر اتفاق کرلیا گیا۔ اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں نے کراچی سے متعلق اپنے تحفظات چیف الیکشن کمشنر کو پیش کردیے۔ چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کا کہنا ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، کراچی مسئلوں کا شہر بن گیا، ہر روز لوگ قتل ہورہے ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے مطالبات سے الیکشن کمیشن نے اتفاق کیا، معاملات خوش اسلوبی سے حل کرلئے جائیں گے، کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک فوج کی تعیناتی پر سب متفق ہیں، کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج کی تعیناتی سے متعلق سیکریٹری دفاع سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ووٹر کے انگوٹھے کے نشان ہمارے پاس ہیں، اگر غلط ووٹ کا اندراج ہوا تو پتا چل جائے گا، امن و امان نہیں ہوگا تو ہر چیز ضائع ہوجائے گی۔ اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ انتخابات ملتوی ہونے کی کوئی گنجائش نہیں، کراچی کی حلقہ بندیوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا، اس حوالے سے عدالتی فیصلہ سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو قبول ہوگا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اقدامات کی تائید کریں گے، ہم چاہتے ہیں ووٹر فہرستیں درست ہوں اور پْر امن انتخابات کا انعقاد ہو۔