26 جون ، 2024
کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں آئندہ 3 روز تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں آئندہ تین روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، آج شہر میں زیادہ سے زیادہ پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر قائد میں جمعرات اور جمعہ کو درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ جمعہ کے دن شہر کے مضافات میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 سے 3 روز میں گھوٹکی، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شکارپور اور دیگر اضلاع میں دن کو درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ حیدرآباد، عمرکوٹ تھرپاکر، بدین، سجاول اور دیگر مقامات پر درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ آج اور کل جامشورو، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین اور سانگھڑ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ 28 جون کو عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹنڈو الہ یار اور دیگر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔