27 جون ، 2024
پاکستان نے رواں ہفتے قطر میں افغانستان پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ کر لیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی اور احمد نسیم وڑائچ دوحا مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ احمد نسیم وڑائچ وزارت خارجہ میں اسسٹنٹ سیکرٹری مغربی ایشیاء ہیں، آصف درانی اور احمد نسیم وڑائچ کی قیادت میں پاکستانی وفد آئندہ چند روز میں دوحا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی میزبانی میں تیسرے دو روزہ دوحا مذاکرات 30 جون سے ہوں گے، رواں برس تیسرے دوحا مذاکرات میں افغان عبوری حکومت باقاعدہ شرکت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان عبوری حکومت نے دوسرے دوحا مذاکرات میں افغان خواتین و سول سوسائٹی نمائندوں کی شرکت پر بائیکاٹ کیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پہلی مرتبہ دنیا بھر کے افغانستان پر خصوصی نمائندے دوحا مذاکرات میں افغان طالبان کے سامنے بیٹھیں گے۔
اقوام متحدہ دوحا مذاکرات سے قبل افغانستان کے اندر اور باہر کے افغان سول سوسائٹی نمائندوں سے مشاورت کر رہا ہے، افغان سول سوسائٹی و خواتین کے نمائندے دوحا مذاکرات کے بعد 2 جولائی کو افغانستان پر خصوصی نمائندوں سے بات کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ تیسرے دوحا مذاکرات میں افغان طالبان کی عبوری حکومت کو تسلیم کرنے پر پیشرفت خارج از امکان ہے۔