Time 27 جون ، 2024
پاکستان

بغیرپاسپورٹ اور ویزے کے پاکستان میں داخلے کی روایت اب ختم ہونے جا رہی ہے: خواجہ آصف

بغیرپاسپورٹ اور ویزے کے پاکستان میں داخلے کی روایت اب ختم ہونے جا رہی ہے: خواجہ آصف
فوٹو: فائل

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بغیرپاسپورٹ اور ویزے کے پاکستان میں داخلے کی روایت اب ختم ہونے جارہی ہے، ہم نے اپنے آپ کومحفوظ کرنا ہے، یہ کراسنگ پوائنٹس پاکستان کو غیر محفوظ کر رہے ہیں۔

جیونیوز سے بات چیت کرتے  ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ  پاکستان اور افغانستان ہمسایہ ممالک ہیں،  ان کے تاریخی مذہبی تعلقات ہیں لیکن افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد دہشتگردی کو فروغ ملا، اس وقت ساری دہشتگردی افغان سرزمین سے ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں فارمل بارڈرز ہیں اور پاسپورٹ دکھا کے کراس کیا جاتا ہے، افغانستان سے تیل کھاد سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ سے پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، اب پاکستان ان بارڈرز کو انٹرنیشنل بارڈر بنائے گا، وہاں  سے آنے والی تمام ٹریفک کو پاسپورٹ اور ویزے کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری بار بار درخواست کے باوجود افغان حکومت کو جس طرح کا تعاون کرنا چاہیے وہ نہیں کر رہی، جس طرح چین، ایران، بھارت کے ساتھ بارڈر ہے افغانستان کے ساتھ بھی ویسا ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ  فیملیز دونوں اطراف رہ رہی ہیں، اس چیز کا ہمیں ادراک ہے، بر صغیرکی تقسیم کے بعد کشمیر میں آج بھی فیملیز تقسیم ہیں، اسی طرح سیالکوٹ کے بارڈرز اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی فیملیز تقسیم ہیں۔

مزید خبریں :