01 جولائی ، 2024
کراچی میں کئی روز کی شدید گرمی کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اورہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا،اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں صبح اور رات میں بوندا باندی کا امکان رہے گا جبکہ 8 جولائی کے بعد کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شہر قائد میں رات میں بھی محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 40 ڈگری رہنے لگا،اتوار کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور نوکنڈی میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، بیشتر میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی کا راج رہے گا جب کہ سندھ کے شہر تھرپارکر، عمرکوٹ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں شدید گرمی کے بعد ابرکرم برس پڑا ہے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کو ریلیف مل گیا، لاہور سمیت گجرات اور مظفر آباد میں بھی بادل برسنے کے بعد گرمی کم ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، مری، گلیات، مردان، پشاور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔