01 جولائی ، 2024
اسپرنٹر فائقہ ریاض پیرس اولمپکس کے لیے کیمپ اور ذاتی کوچ کی عدم دستیابی پر اکیلے ٹریننگ پر مجبور ہوگئیں۔
فائقہ ریاض وائلڈ کارڈ پر پیرس اولمپکس میں شرکت کریں گی لیکن پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی ) یا فیڈریشن کی جانب سے کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا ہے ، نہ ہی ٹریننگ کیلئے اسپرنٹر کو ذاتی کوچ کی سہولت میسر ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اسپرنٹرفائقہ ریاض ان دنوں پنجاب اسٹیڈیم میں شام کے سیشن میں 2 گھنٹے تن تنہا ٹریننگ کرتی ہیں۔
دوسری جانب جیولین تھرو ر ارشد ندیم نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہوا ہےاور ان کے ہمراہ سلمان اقبال بٹ کوچ ہیں تاہم فائقہ ریاض نہ تو کسی کیمپ میں شریک ہیں اور نہ ہی انہیں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ذاتی کوچ کی سہولت میسر ہے۔
اس حوالے سے پی او اے کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ واپڈا کو کوچ مہیا کرنے کا کہا ہے، سیمی رضوی کوچ ہوں گی جبکہ طبی معاملے کے لیے ڈاکٹر میثاق رضوی کو ذمہ داری دی ہے۔
ادھر اسپرنٹر فائقہ ریاض نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ اللہ پاک نے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا لیکن ذاتی کوچ کی سہولت میسر نہ ہونے پر مایوس ہوں، اولمپکس کیلئے ٹریننگ کر رہی ہوں کوشش ہے کہ اچھاپرفارم کروں ۔
فائقہ ریاض نے درخواست کی کہ ٹریننگ کےدوران مجھےذاتی کوچ کی سہولت دی جائے،اولمپکس کیلئے دن کم ہیں، کوچ کے آنے سے میری تیاری اور اچھی ہوجائے گی۔