Time 02 جولائی ، 2024
پاکستان

عمران خان کی گرفتاری اور مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے: وزیر قانون کا یو این رپورٹ پر ردعمل

عمران خان کی گرفتاری اور مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے: وزیر قانون کا یو این رپورٹ پر ردعمل
خود مختار ریاست کےطور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے: اعظم نذیر تارڑ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے  عمران خان کی گرفتاری اور زیرالتوا مقدمات پر اقوام متحدہ کے  ورکنگ گروپ کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اسے   پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دے دیا۔ 

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خود مختار ریاست کےطور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین  پر عمل ہوتا ہے ، آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی،جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا۔ 

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک سزا یافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں، انہیں  ملکی آئین و قانون اور عالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں، کئی مقدمات میں انہیں ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل عدالتی نظام کا مظہر ہے۔ 

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے گزشتہ روز  بانی پی ٹی آئی کی حراست کا فیصلہ من مانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف وزری قرار  دیا تھا۔

مزید خبریں :