08 فروری ، 2013
کراچی …کراچی میں علماء کرام اور شہریوں کے قتل کے خلاف مذہبی جماعتوں کے تحت مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ اہلسنت والجماعت کراچی کے امیر علامہ اورنگزیب فاروقی نے سندھ حکومت کے خاتمے اور گورنر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے لسبیلہ ،پرانی سبزی منڈی، لانڈھی داود چورنگی سمیت دیگر علاقوں میں کیے گئے جن میں اہلسنت والجماعت،جمعیت علمائے اسلام ف ،جمعیت علمائے اسلام (س) کے مقامی رہنماوں اور کارکنوں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔۔ مقررین نے کہا کہ علماء کرام کا قتل کراچی اور ملک کو خانہ جنگی کا شکار کرنے کی سازش ہے۔اہلسنت والجماعت کراچی کے امیر علامہ اورنگزیب فاروقی نے الزام لگایا کہ حکومت اور ایجنسیوں کو قاتلوں کا علم ہے لیکن وہ انہیں پکڑنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ،صوبائی حکومت ختم کرکے گورنر راج نافذ کیا جائے۔