08 فروری ، 2013
خیبر پختونخواہ کے وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات پر آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ طالبان کی طرف سے نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور سید منور حسن کو ثالث بنانے کا جو مطالبہ کیا گیا ہے۔ وہ ہمیں قبول ہے۔ پشتوکے شاعر،ادیب اورعوامی نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی صدرمحمد اجمل خٹک کی برسی پر منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے میاں افتخار نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے 14فروری کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تمام پارٹیوں سے تجاویز لینے کے بعد صدر اور آرمی چیف کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی طرف سے نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور سید منور حسن کو ثالث بنانے کا جو مطالبہ کیا گیا ہے۔ وہ ہمیں قبول ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اس خطیمیں امن کی خواہاں ہے۔ اور پرامن معاشرے کے قیام کے لئے ہمیں ہر شرط منظور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر طالبان فوج کے بغیر مذاکرات کرنا چاہیں تو یہ شرط ہمیں منظور نہیں۔