Time 03 جولائی ، 2024
پاکستان

وزیراعظم کی ازبکستان کے صدر سے ملاقات، کراچی بندرگاہ کو ترمیز سے جوڑنے پر تبادلہ خیال

آستانہ: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی ملاقات میں کراچی پورٹ کو ازبکستان کے شہر ترمیز سے منسلک کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور پاکستان ازبکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

ملاقات میں ازبکستان کو علاقائی تجارت کا ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے سے متعلق دستیاب آپشنز کی جانچ شروع کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔ 

دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان اور ازبکستان دونوں کے مشترکہ عزم پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی میں شراکت دار ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے  قازقستان میں موجود ہیں جہاں انہوں نے  پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان سہ فریقی بات چیت میں بھی شرکت کی۔