04 جولائی ، 2024
کراچی: سندھ حکومت نے عوام کو گھر بیٹھے نمبر پلیٹس کی فراہمی کا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں عوام کو گھر بیٹھے نمبر پلیٹس کی فراہمی کا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ضلع جنوبی میں موٹر رجسٹریشن کے دفترکے قیام اور شام کے اوقات میں بھی کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے پریمیئم نمبر پلیٹس کے اجراکے لیے مخصوص دفتر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پریمیئم نمبر پلیٹس کے اجرا کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا اور اسے عوام کی بھرپور پذیرائی ملی، پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے اقدامات کیے جائیں، محکمہ ایکسائز کو کارپوریٹ طریقے سے چلانے کے خواہاں ہیں۔
یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی تھی۔