09 فروری ، 2013
کراچی…چیئرمین نیب فصیح بخاری نے کہا ہے کہ جو ادارے بدعنوانی کے خلاف لڑرہے ہیں ان کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے،نچلی سطح پر بدعنوانی پرقابو پانا ہوگا اور قوانین کا نفاذ اورعمل ضروری ہے، پاکستانی معاشرہ اخلاقی پستی کی طرف جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں نیب اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے تحت ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ افسوس ناک بات ہے کہ بعض سیاست دان دولت بنانا چاہتے ہیں، اورجو ادارے بد عنوانی کے خلاف لڑرہے ہیں، اُن کو سیاسی ہتھیارکے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اختیار کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا خطرناک ہے،بدعنوانی روکنے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور بدعنوانی روکنے کے لیے ہمارے ہاں ادارے موجود ہیں۔فصیح بخاری کا کہنا تھاکہ پاکستانی معاشرہ اخلاقی پستی کی طرف جارہا ہے۔نچلی سطح پر بدعنوانی پرقابو پانا ہوگا اور قوانین کا نفاذ اورعمل ضروری ہے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ اگر ہم قانون پر دُرست طریقے سے عمل درآمد کرسکیں تو امید ہے کہ آئندہ برسوں میں کرپشن کی روک تھام ہوسکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی موجودہ صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کریں گے۔