پاکستان
10 فروری ، 2013

برطانیہ :خصوصی فورس بھارتی اورپاکستانی نژاد ملزموں کو ٹارگٹ کرسکے گی

 برطانیہ :خصوصی فورس بھارتی اورپاکستانی نژاد ملزموں کو ٹارگٹ کرسکے گی

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…برطانوی اخبار ”ایشین امیج“ کے مطابق برطانوی پولیس نے غیرملکیوں کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے خدشہ پر خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیامیٹروپولیٹن پولیس فورس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق برطانوی پولیس کی خصوصی فورس میں غیر ملکی افسران کو بھرتی کیا جائے گا۔برطانوی پولیس فورس نے خصوصی فورس کے قیام کے لیے یورپی یونین فنڈنگ سے 22 لاکھ یورو مانگ لئے ہیں۔برطانیہ کی خصوصی پولیس فورس میں دوسرے ممالک سے افسران کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا۔رومانیہ اور پولینڈ نے برطانوی پولیس کے خصوصی دستوں میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔میٹروپولیٹن پولیس کیمطابق لندن میں جرائم میں ملوث 28 فیصد افراد غیر ملکی ہوتے ہیں۔پولیس کی خصوصی فورس ملک میں جرائم کرنے والے بھارتی اورپاکستانی نژاد ملزموں کو بھی ٹارگٹ کرسکے گی۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی سب سے بڑی پولیس فورس غیر ملکی مجرموں کی طرف سے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ایک ایسے یونٹ کی تشکیل کرنے جا رہی ہے جس میں تمام غیر ملکی افسران ہوں گے۔ابتدائی طور پر تیس غیر ملکی افسروں پر مشتمل اس فورس یونٹ کو تین سال کیلئے تعینا ت کیا جائے گا۔ جو زیادہ تر سادہ کپڑوں میں اپنی کارروائیاں کریں گے۔ تاہم ضرورت کے وقت انہیں قومی یونی فارم پہننا ہوگی۔میٹرو پولیٹن پولیس اس یونٹ کیلئے یورپی یونین فنڈنگ سے2.2ملین یورو(1.9ملین پونڈ) کی مالی امداد کی درخواست کی ہے ،اور اجازت طلب کی ہے کہ برطانوی پولیس فورس کے معاون کے طور پر دیگر ممالک کے آفیسر کو بھرتی کرنے دیا جائے ۔رپورٹ کے مطابق رومانیہ اور پولینڈ پہلے ہی اس پر اتفاق کر چکے ہیں اور انہوں نے اس پر دستخط کردیئے ہیں۔اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ آفیسرز انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کریں گے اور میٹروپولیٹن پولیس کے ساتھ مشترکا آپریشن میں حصہ لیں گے۔لیکن یہ واضح ہو نا چاہیے کہ انہیں کسی کو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق کل غیر ملکی گرفتار مجرموں میں سے 40فی صد مجرموں کا تعلق دس ممالک سے ہے جن میں رومانیہ، نائیجیریا، صومالیہ، جمیکا،لیتھوانیا،پرتگال،پولینڈ،پاکستان ،بھارت اور آئرلینڈ ہے۔لندن میں سنگین جرائم میں ملوث مجرموں میں سے28فی صد غیر ملکی ہیں جنہیں حال ہی میں گرفتار کیا گیا۔مبینہ طور پر میٹر و پولیٹن پولیس نے لیتھوانیا اور آئرلینڈ میں پولیس سے اس یونٹ میں شمولیت پر بات کی ہے۔اگر یہ کامیاب رہا تو اسے وسعت دی جائے گی۔یہ یونٹ Operation Nexus کا حصہ ہوگا۔جس میں پولیس اور امیگریشن انٹیلی جنس لندن میں غیر ملکی مجرموں سے نمٹنے کیلئے اکھٹے کام کریں گی۔ یو کے بارڈر ایجنسی اور میٹر پولیٹن پولیس کے ستمبر سے مشترکا آپریشن سے 300غیر ملکی مجرموں کو ملک بدر کیا جاچکا ہے۔لیکن اس سے یوکے یورپی تعلقات متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے امکان ہے کہ وزیر داخلہ تھریسا مئے اس مشترکا آپریشن کو ختم کر دے گی۔




مزید خبریں :