Time 26 مارچ ، 2025
کھیل

شاہد آفریدی کا نیوزی لینڈ کیخلاف آج آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاہین اور شاداب کو آرام دینے کا مشورہ

شاہد آفریدی کا نیوزی لینڈ کیخلاف آج آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاہین اور شاداب کو آرام دینے کا مشورہ
شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے سینئرز کی کارکردگی تشویش کا باعث ہے جس نے ٹیم انتظامیہ کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے__فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہین آفریدی اور شاداب خان کو  آرام دینے کا مشورہ دیا ہے۔

شاہد آفریدی نے پاکستان کی سیریز میں شکست کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے شاہین اور شاداب کو آرام دینا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ کے لیے بینچ پر موجود کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے، شاہین اور شاداب کو آرام دیا جا سکتا ہے، ان کی جگہ باقی کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔

شاہد آفریدی کا نیوزی لینڈ کیخلاف آج آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاہین اور شاداب کو آرام دینے کا مشورہ
فوٹو: اسکرین شاٹ

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن پر تنقید کی تھی۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی مشکل کنڈیشن میں ان پلیئرز کو بھیج دیا گیا جن کا ڈومیسٹک کا تجربہ بھی کم تھا۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی اور شاداب خان جیسے سینئرز کی کارکردگی تشویش کا باعث ہے جس نے ٹیم انتظامیہ کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔

شاداب خان کو اچانک کم بیک کراکر نائب کپتان بنایا گیا، وہ 4 میچوں میں محض 30 رنز بناسکے جب کہ انہوں نے 11 اوورز کرائے اور110رنز دے کر ایک وکٹ لی۔

شاہین آفریدی کی فارم بھی پریشان کن ہے، انہوں نے 4 میچوں میں13 اوورز کرائے اور 133رنز دے کر 66.50کی اوسط سے 2 وکٹ حاصل کیں جب کہ حارث رؤف 9.50 کی اوسط سے8 وکٹیں لے کر نمایاں ہیں۔

مزید خبریں :