Time 14 جولائی ، 2024
دنیا

ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ روکنے میں ناکامی پر ڈائریکٹر سیکرٹ سروس کو سمن جاری

ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ روکنے میں ناکامی پر ڈائریکٹر سیکرٹ سروس کو سمن جاری
فوٹو: امریکی میڈیا

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  پر قاتلانہ حملےکی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ روکنے میں ناکامی پر ڈائریکٹر سیکرٹ سروس کو سمن جاری کردیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  ڈائریکٹر سیکرٹ سروس کمبرلی چٹل  اس معاملے پر ایوان نمائندگان کے سامنے 22 جولائی کوپیش ہوں گی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی، سیکرٹ سروس اور  ہوم لینڈ سکیورٹی ٹرمپ پر حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ  امریکی سربراہان، سیاستدانوں اور ان کے اہلخانہ کی سکیورٹی کی ذمہ داری سیکرٹ سروس کی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے کہ ان پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے اور ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔

تاہم چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا۔ اس دوران ان کے کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے، سیکرٹ سروس کے اہلکار ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے روانہ ہوگئے، واقعے کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی۔

سابق امریکی صدرٹرمپ کو طبی چیک اپ کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ دوسری جانب ٹرمپ پرگولی چلانے والے شخص کو ہلا ک کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :