پاکستان

پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے صدر زرداری، اتحادیوں کو اعتماد میں لیا: وزیراعظم کی نواز کو بریفنگ

پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے صدر زرداری، اتحادیوں کو اعتماد میں لیا: وزیراعظم کی نواز کو بریفنگ
نوازشریف نے شہباز شریف کو تمام قانونی، آئینی اور سیاسی آپشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا، ذرائع—فوٹو:فائل

وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور بڑے بھائی نوازشریف سے 3 روز میں تیسری بار ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور تحریک انصاف پرپابندی اور دیگر اقدامات پرعمل درآمدکی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔

ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے نوازشریف کو آصف زرداری اور دیگر اتحادیوں سے رابطوں اور مشاورت سے آگاہ کیا جبکہ چھانگلہ گلی رہائش گاہ پر ہونے والی مشاورت میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازبھی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے شہباز شریف کو تمام قانونی، آئینی اور سیاسی آپشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔

ذرائع کے مطابق مشاورتی عمل میں کیے تمام فیصلوں سے پارٹی کی سینیئر رہنماؤں کوبھی اعتمادمیں لیاگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی بلایا جائے گا اور پارلیمنٹ کے اجلاس بھی شیڈول سے قبل بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا اور اعلان کیا ہے کہ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔

مزید خبریں :