Time 14 جولائی ، 2024
پاکستان

نوازشریف سے شہباز اورمریم کی ملاقات، سپریم کورٹ کے فیصلے، سیاسی صورتحال پر مشاورت

نوازشریف سے شہباز اورمریم کی ملاقات، سپریم کورٹ کے فیصلے، سیاسی صورتحال پر مشاورت
نوازشریف نے دیگر پارٹی رہنماؤں سے بھی فرداً فرداً مشاورت کی، انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے مختلف آپشنز پر مشاورت کی: ذرائع— فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری میں ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مری میں ہونے والی ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔

ذرائع نے بتایاکہ نوازشریف نے دیگر پارٹی رہنماؤں سے بھی فرداً فرداً مشاورت کی، انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے مختلف آپشنز پر مشاورت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی ہدایات سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو جلد آگاہ کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا اگلا مشاورتی اجلاس جلد لاہور میں ہو گا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کا کل مری میں ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا۔

13 رکنی فل کورٹ بینچ کے 5-8 کی اکثریت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت تھی اور ہے، پی ٹی آئی خواتین اور اقلیتی نشستوں کی حقدار ہے، انتخابی نشان نہ ملنے سے کسی سیاسی جماعت کا انتخابات میں حصہ لینے کا حق ختم نہیں ہوتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی 15 دن میں مخصوص نشستوں کے لیے اپنی فہرست جمع کرائے، 80 میں سے 39 ایم این ایز پی ٹی آئی سے وابستگی ظاہر کر چکے ہیں، باقی اکتالیس ارکان پندرہ دن میں پارٹی وابستگی کا حلف نامہ دیں۔ 

مزید خبریں :