Time 23 جولائی ، 2024
پاکستان

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے اجلاس خود بلاکر سڑک پر اسمبلی لگالی

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے اجلاس خود بلاکر سڑک پر اسمبلی لگالی
جب تک معطل ارکان کی رکنیت بحال نہیں کی جاتی ایوان میں نہیں جائیں گے: اپوزیشن ارکان/ اسکرین گریب

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے اجلاس خود بلاکر سڑک پر اسمبلی لگا لی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر سڑک پر اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں میاں اعجاز شفیع نے اسپیکر کے فرائض انجام دیے۔

اپوزیشن ارکان کاکہنا تھاکہ جب تک معطل ارکان کی رکنیت بحال نہیں کی جاتی ایوان میں نہیں جائیں گے۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر نے کہا کہ ٹک ٹاکر حکومت کے خلاف ہمارے 11 ارکان کو معطل کیاگیا، اسمبلی میں داخلہ بند اوراپوزیشن چیمبر کو تالے لگائے گئے، فارم 47 کی حکومت سمجھتی ہے کہ ہم جھک جائیں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے، اسپیکر کا اقدام عدالت میں چیلنج کریں گے، مریم نواز انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں، اب یہ سپریم کورٹ پر حملہ آور ہو رہےہیں، حکمران سیاسی انتقام کی بجائے عوام کو ریلیف دیں۔

اپوزیشن ارکان نے عوامی اسمبلی میں عافیہ صدیقی کی رہائی، مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل اوربجلی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف قرارداد منظور کی تاہم ایجنڈا مکمل ہونے پر عوامی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردیا گیا۔

خیال رہے کہ 28 جون کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بجٹ اجلاس کے موقع پر تقریر کے دوران ہلڑ بازی، ہنگامہ آرائی، گالی گلوچ اور ایوان کا تقدس پامال کرنے پر سنی اتحاد کونسل کے 11 اراکین پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔

مزید خبریں :