11 فروری ، 2013
پشاور … صوبائی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بلائی گئی آل پارٹی کانفرنس میں بننے والے لائحہ عمل سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ پشاور میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ اگر تمام سیاسی پارٹیاں اے پی سی میں شرکت کریں تو اس کے ثمرات آئندہ حکومت کو حاصل ہوں گے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ نیٹو سپلائی کے حوالے سے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی سے صوبے کے اسٹرکچر کو نقصان کے ساتھ ساتھ قیام امن کی صورتحال پر بھی اثر پڑتا ہے جس سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا ہے اور نقصانات کے ازالے کیلئے بھی اپنے مطالبات سے آگاہ کیا ہے۔