11 فروری ، 2013
اسلام آباد … اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک پر مشتمل پارلیمانی اسمبلی قائم کر دی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے اسے باہمی روابط بڑھانے میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم کے چارٹر پر اسلام آباد میں دستخط کیے گئے۔ آذر بائیجان، ایران، تاجکستان، ترکی اور پاکستان کی اسمبلیز کے ا سپیکرز اور افغان اسمبلی کے ڈپٹی ا سپیکر نے چارٹر پر دستخط کئے۔ ا سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک جغرافیائی اہمیت کے حامل ہیں جو مشرق اور مغرب کے درمیان تجارتی راہداری ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر یہ تنظیم اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکی اور ان ممالک کی باہمی تجارت 50 ارب ڈالر سے بھی کم رہی۔ فہمیدہ مرز ا نے کہا کہ پارلیمانی اسمبلی اقتصادی تعاون تنظیم کو موٴثر بنانے میں اہم ثابت ہوگی۔ تقریب سے مہمان ممالک کی اسمبلیز کے ا سپیکرز اور سیکریٹری جنرل ای سی او نے بھی خطاب کیا۔