Time 25 جولائی ، 2024
جرائم

کراچی میں فائرنگ، پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے نئے گروپ کے سرگرم ہونے کا خدشہ

کراچی میں فائرنگ،  پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے نئے گروپ کے سرگرم ہونے کا خدشہ
فوٹو:

کراچی کے علاقے صدر  اور ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات کے بعد پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے کسی نئے گروپ کے سرگرم ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے ممکنہ طور پر کوئی نیا گروپ ایکٹو ہوا ہے جو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا رہا ہے، اب تک نشانہ بننے والے دونوں پولیس اہلکار سافٹ ٹارگٹ تھے۔

کراچی کے علاقے صدر میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

پریڈی پولیس اسٹیشن صدر کے قریب پولیس اہلکار پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں شلوار قمیص پہنے موٹرسائیکل سوار تین ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان نے ہیلمٹ یا ماسک بھی نہیں لگائے اور ان کے چہرے واضح نظر آرہے ہیں۔

ویڈیو میں تین ملزمان میں سے ایک فائرنگ کرتے اور ملزم کی سپورٹ کیلئے دوسرا ملزم بھی پستول ہاتھ میں لیے کھڑا نظر آ رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے زخمی ہونے کے باوجود ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی۔

پولیس اہلکار پر فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت پریڈی پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا تھا جبکہ اس سے قبل ڈیفنس میں بھی پولیس اہلکار پر حملے کا واقعہ پیش آچکا تھا۔

تحقیقاتی حکام دونوں واقعات کی تفتیش میں مصروف ہیں تاہم تحقیقات میں فوری طور پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :