26 جولائی ، 2024
فلسطینی دستے کا اولمپکس میں شرکت کے لیے پیرس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
اولمپکس میں شرکت کے لیے فلسطین کے 8 ایتھلیٹس پر مشتمل دستہ پیرس پہنچا تو ائیرپورٹ کے اندر اور باہر درجنوں افراد نے ایتھلیٹس کا استقبال کیا اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجب نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر فرانس واقعی فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی قدر کرتا ہے تو اولمپکس گیمز فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ایک اچھا موقع ہیں۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 300 سے زائد فلسطینی ایتھلیٹس، ریفریز اور اسپورٹس آفیشلز شہید ہوچکے ہیں جبکہ غزہ میں کھیلوں کی تمام سہولیات بھی تباہ ہوچکی ہیں۔