27 جولائی ، 2024
سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے آئی پی پیز کا مسئلہ انڈسٹری سمیت 24 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، یہ معاملہ سینیٹ میں بھی زیر بحث ہے، عوام کے حقوق کیلئے یہ جنگ بھی لڑیں گے اور جیتیں گے۔
ایف پی سی سی آئی میں آئی پی پیز سے متعلق کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کسی کو الٹا لٹکانے کی بات نہیں کریں گے لیکن مستقبل میں بجلی سستی کروائیں گے، سوشل میڈیا کے نجومی مایوسی پھیلا رہے ہیں لیکن ملک کا مستقبل روشن ہے۔
انور الحق کاکڑ کا کہنا تھاکہ آئی پی پیز کا مسئلہ اٹھا کر پوائنٹ اسکورنگ نہیں کر رہے، بات چیت سے اس مسئلے کا حل نکالیں گے، اتنی مہنگی بجلی سے ملک نہیں چل سکتا، اس کا حل نکالنا ہو گا، بزنس کمیونٹی نے تو فیصلہ دے دیا ہے۔
سابق نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ آئی پی پیز سرکاری اداروں کی غفلت عوام پر ڈال رہے ہیں، پورا پاکستان بیک آواز کہہ رہا ہے کہ لوگ آئی پی پیز سے متاثر ہیں، آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کا طریقہ ہر صورت ڈھونڈنا ہو گا۔
ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف عاطف اکرم کا کہنا تھا کہ آئی پی پی پیز کے معاملے پر عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، موجودہ ٹیرف پر انڈسٹری نہیں چلا سکتے۔