Time 27 جولائی ، 2024
پاکستان

’بات کرو، برباد مت کرو، سلجھاؤ، الجھاؤمت‘، حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

’بات کرو، برباد مت کرو، سلجھاؤ، الجھاؤمت‘، حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش
اب کپتان کہہ رہا ہے ن لیگ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کروا رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے، تحریک انصاف والے بہروپیے ہیں یا پاگل ہیں یا کیا ہیں؟ وفاقی وزیر مصدق ملک— فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بات کرو، برباد مت کرو، سلجھاؤ، الجھاؤمت۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمصدق ملک کا کہنا تھاکہ وزیراعظم چاہتے ہیں ملک سے غربت ختم ہو اور روزگار ہو، وہ بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی مجموعی شرح پچھلے سال 38 فیصد تھی، اب شرح میں آہستہ آہستہ کمی آرہی ہے، ہم نے غریب لوگوں کےلیے 600 ارب مختص کیے اور پی ایس ڈی پی سے پیسے نکال کر 86 فیصد غریبوں کو ریلیف دیا، بجلی کا بہت بوجھ ہے، وقت کے ساتھ ختم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان نے کہا فوج کو نیوٹرل ہونا چاہیے، چیلوں نےکہا لبیک، پھر کپتان نے کہا کہ نیوٹرل توجانور ہے، چیلوں نے کہا لبیک، کپتان نےکہا چیف تو باپ ہوتاہے، چیلوں نےکہا لبیک، کپتان نے کہا باپ تو میر جعفر ہے، چیلوں نےکہا لبیک، یہ دیوانے ہیں؟ پاگل ہیں یا بہروپیے ہیں؟ انہوں نے واضح بیان دیا کہ ملک تباہ کردیں گے اور وہ کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کہتے ہیں دہشت گردی کو ختم کریں، آپ کہتے ہیں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، آپ بھی تو بتائیں آپریشن نہیں ہونے دیں گے اور کیا ہونے دیں گے؟ ہم کہتے ہیں بات کریں، آپ کہتے ہیں دھرنا کریں گے، آج آپ جو ادھم مچا رہے وہ آپ اپنے بچوں کے مستقبل کےساتھ ظلم کررہےہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی سپورٹ لے کر کیوں حکومت نہیں بنائی؟ ہمیں ہٹانا ہے ہٹا دیں، سلجھانا آپ کا مقصد نہیں تھا، الجھانا آپ کا مقصد تھا، بات کرو، برباد مت کرو۔

مصدق ملک نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر متعلقہ وزیر آگاہ کریں گے، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی کے لیے ریلیف فراہم کیا گیا، ایل این جی پر حکومتی پالیسی پر جلد بریفنگ دوں گا، 200 یونٹ تک پروٹیکٹ کریں گے اس سے اوپر خود اپنا بوجھ اٹھائیں۔ 

مزید خبریں :