Time 29 جولائی ، 2024
پاکستان

ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ تین دنوں میں 200 ملی میٹر تک بارش کا امکان، الرٹ جاری

ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ تین دنوں میں 200 ملی میٹر تک بارش کا امکان، الرٹ جاری
راولپنڈی اسلام آباد میں بارش کے بعد واسا عملہ متحرک، فوٹو جیونیوز

اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے آئندہ 3 دنوں میں ملک کے مختلف شہروں میں 200 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر  مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 3 دنوں میں کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 200 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے جب کہ  پوٹھوہار، مردان اورلاہور ڈویژن میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 دنوں میں پنجاب میں فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، راجن پور جب کہ سندھ میں کراچی، میرپورخاص، سکھر، حیدر آباد، عمر کوٹ،  بدین، ٹھٹہ، تھرپارکر میں بارش متوقع ہے۔ 

بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

 ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بلوچستان میں  ژوب، زیارت، قلات اور سبی ڈویژن میں بارش کا امکان ہے جب کہ کے پی میں ڈی آئی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔ 

علاوہ ازیں نجی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہےکہ کراچی میں بھی آئندہ 3 دن تک بارشوں کا امکان ہے، شہر میں کہیں 30 سے 50 تو کہیں 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہےکہ جڑواں شہروں میں مجموعی طور 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی، نشیبی علاقوں میں واسا کی ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ ہوگئی ہے اور نالہ لئی پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جب کہ نالہ لئی کے اطراف آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت ی گئی ہے۔

نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر ندیم کالونی اور جاویدکالونی کے مکینوں کوالرٹ کردیا گیا ہے، سائرن بجاکر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونےکی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :