12 فروری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ میں اڈیالہ جیل کے لاپتہ قیدیوں کے کیس کی سماعت کے دوران حراستی مرکز میں قید 7 افراد کی رہائی کی درخواست سیکرٹری فاٹا جمال ناصر کے حوالے کر دی گئی ، اٹارنی جنرل عرفان قادر کا کہنا ہے کہ درخواست کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اڈیالہ جیل کے لاپتہ قیدیوں کے کیس کی سماعت کی۔اٹارنی جنرل عرفان قادر کا کہنا تھا کہ انہوں نے درخواست پر سرسری نظر دوڑائی ہے، اس میں حراستی مرکز میں قید افراد کی خراب صحت کا ذکر نہیں، دوران سماعت تمام افراد کی خرابی صحت کا ذکر کیا گیامگر درخواست میں نہیں، درخواست گزار طارق اسد کا کہنا تھا کہ چار لوگ زیادہ بیمار ہیں، کہیں باقیوں کی رہائی میں رکاوٹ نہ بن جائیں ، اس لیے ذکر نہیں کیا گیا ، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ریمارکس دیئے کہ یہ طے ہوا تھا کہ درخواست میں بیماری کا ذکر کیا جائے گا، انہوں نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ بیماری کا ذکر کر کے نئی درخواست دی جائے ، مزید سماعت 22 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔