,
Time 30 جولائی ، 2024
پاکستان

الیکشن کمیشن کے تسلیم کرنے کے باوجود پی ٹی آئی ارکان اسمبلیوں کا حلف نہیں اٹھا سکیں گے

الیکشن کمیشن کے تسلیم کرنے کے باوجود پی ٹی آئی ارکان اسمبلیوں کا حلف نہیں اٹھا سکیں گے
حکومت ایسے مسودات لائے گی جن کے نتیجے میں تحریک انصاف کو قومی اسمبلی اور بعد ازاں صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں پر اپنے ارکان کو رکنیت دلانا ممکن نہیں ہو گا. فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے نامزد ارکان الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیش کے باوجود اسمبلیوں کا حلف نہیں اٹھا سکیں گے۔

قومی اسمبلی میں اس حوالے سے آج قانونی مسودہ پیش کر دیا جائے گا، مبصرین اسے پہلا آئینی بم شیل قرار دے رہے ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس میں خصوصی حفاظتی بندوبست،حکومتی ارکان اسمبلی کو اجلاس کے لئے لازمی پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور اسپیکر سردار ایاز صادق کا کردار اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان کے حوالے سے غیر مناسب بیان اور فتوے کی حکومت کی جانب سے شد ید مذ مت کی جا ئے گی، وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اس ایشو پر پالیسی بیان دیے جانے کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی کا آٹھواں اجلاس آج (منگل) کی سہ پہر پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوگا تو اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہو جائے گی، حکومت پہلے دن کے نجی کارروائی کے لیے مخصوص ہونے کے باوجود قانون سازی کے لیے وہ سرکاری مسودات لائے گی جن کے نتیجے میں تحریک انصاف کو قومی اسمبلی اور بعد ازاں صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں پر اپنے ارکان کو رکنیت دلانا ممکن نہیں رہ جائے گا جنہیں وہ ایک متنازع اعلیٰ عدالتی فیصلے کی رو سے رکن بنانے کے لیے حلف دلانے کی خواہاں ہے۔

مجوزہ قانون سازی کو پہلا قانونی بم شیل قرار دیا جارہاہے جو اس اجلاس میں چلادیا جائے گا اور جس کے تناظر میں مزید قانونی و آئینی بم شیل چلائے جائیں گے۔

حد درجہ قابل اعتماد پارلیمانی ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو پیر کی شام بتایا ہے کہ اجلاس کے لئے خصوصی حفاظتی بندوبست کرلیا گیا ہے جس کا اطلاق ایوان کے اندر اور پارلیمنٹ ہاؤس کے دوسرے حصوں پر ہوگا اس سلسلے میں سارجنٹ ایٹ آرمز کیپٹن اشفاق اشرف کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت نے اپنے ارکان کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ آج سے شروع ہونے والے اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ،اجلاس دو ہفتے تک جاری رہےگا۔ قومی اسمبلی کا یہ اجلاس شام پانچ بجے شروع ہوگا، اس سے پہلے حکومتی جماعت اور حزب اختلاف کے ارکان الگ الگ پارلیمانی پارٹیوں کے صلاح مشورے کرکے اجلاس کے بارے میں حکمت عملی کو آخری شکل دیں گے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اسلام آباد پہنچ گئے ہیں انہوں نے اجلاس سے قبل ہاؤس بزنس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام پارلیمانی گروپس کے سربراہ شریک ہونگے اور ایوان کی کارروائی کے بارے میں ضابطہ عمل پر غور ہوگا ۔

عمران کا جی ایچ کیو کے بعد چھاؤنیوں پر حملوں کا بھی اعتراف اور آج 190ملین پاؤنڈ کا مقدمہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جائے گا، عمران خان کو ملٹری جیل لے جانے کی تیاری شروع ہو گی ہے، اجلاس میں حکومت اور اپو زیشن ممبران کی جانب سے گر ما گرم تقاریر کا بھی امکان ہے۔

مزید خبریں :