Time 31 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

سائنسدان ایک کشتی کو چاند پر پہنچانے کے خواہشمند کیوں؟

سائنسدان ایک کشتی کو چاند پر پہنچانے کے خواہشمند کیوں؟
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ لائیو سائنس

سائنسدانوں نے چاند پر ایک کشتی کو پہنچانے کا منصوبہ بنایا ہے مگر وہ ایسا کیوں کرنا چاہتے ہیں؟

اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے کیونکہ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ زمین پر زندگی کو بچانے کے لیے کشی نوح کی طرح کی ایک کشتی چاند پر رکھنا ضروری ہے۔

جرنل بائیو سائنس میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ چاند پر محفوظ کیے جانے والے حیاتیاتی ذخیرے میں زمین پر سب سے زیادہ خطرے سے دوچار جانداروں کے منجمد نمونے موجود ہوں گے تاکہ ہمارے سیارے کے حیاتیاتی تنوع کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

اس منصوبے سے ان نمونوں کو زمین کے مسائل جیسے قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بھی تحفظ مل سکے گا۔

اس انوکھے حل کو Smithsonian's National Zoo and Conservation Biology Institute کے ماہرین نے پیش کیا۔

انہوں نےکہا کہ اس طریقے سے زمین پر بقا کے خطرے سے دوچار جانداروں کو مستقبل میں تحفظ فراہم کیا جاسکے گا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زمین پر متعدد جانداروں کو بقا کا خطرہ لاحق ہے اور انہیں بچانے کے لیے ہماری صلاحیت محدود ہے۔

International Union for Conservation of Nature کے مطابق دنیا بھر میں 45 ہزار 300 جانداروں کو بقا کا خطرہ لاحق ہے۔

محققین نے اس حوالے سے تجویز پیش کی کہ جانوروں کی کھالوں اور خلیات کے منجمد نمونوں کو محفوظ کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان نمونوں کو محفوظ رکھنے کے لیے چاند مثالی مقام ہے کیونکہ اس کے مخصوص حصوں میں درجہ حرارت بہت کم ہوتا ہے جس کے باعث نمونوں کو محفوظ رکھنے کے لیے توانائی کی ضرورت کم ہوگی جبکہ وہاں انسانی مداخلت بھی نہیں ہوسکے گی۔

مگر انہوں نے تسلیم کیا کہ اس طرح کی کشتی کے منصوبے کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہوگا، جیسے چاند پر محفوظ طریقے سے پہنچانا ہی کافی مشکل ہوگا۔

مزید خبریں :