Time 30 مئی ، 2025
دلچسپ و عجیب

ماہرین آثار قدیمہ نے 3 ہزار سال پرانے گمشدہ شہر کے آثار دریافت کرلیے

ماہرین آثار قدیمہ نے 3 ہزار سال پرانے گمشدہ شہر کے آثار دریافت کرلیے
دریافت ہونے والے شہر کو Los Abuelos کا نام دیا گیا ہے / اے ایف پی فوٹو

ماہرین آثار قدیمہ نے وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں لگ بھگ 3 ہزار سال پرانے گمشدہ شہر کے آثار کو دریافت کیا ہے۔

شمالی گوئٹے مالا میں مایا تہذیب کے اس ہزاروں سال پرانے شہر کو دریافت کیا گیا جس میں موجود اہرام اور دیگر عمارات سے عندیہ ملتا ہے کہ زمانہ قدیم میں اس مقام کو اہم حیثیت حاصل تھی۔

مایا تہذیب 2 ہزار سال قبل مسیح میں ابھرنا شروع ہوئی اور 400 سے 900 صدی عیسوی کے درمیان میکسیکو اور گوئٹے مالا سمیت مختلف وسطی امریکی ممالک میں عروج پر پہنچی۔

دریافت ہونے والے شہر کو Los Abuelos کا نام دیا گیا ہے۔

وزارت ثقافت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس شہر کو گوئٹے مالا کے خطے Uaxactun میں دریافت کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ یہ شہر 800 سے 500 قبل مسیح کے عہد سے تعلق رکھتا ہے اور ممکنہ طور پر مایا تہذیب چند قدیم ترین اور اہم ترین مراکز میں سے ایک تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس جگہ سے حیران کن تعمیراتی منصوبہ بندی کا عندیہ ملتا ہے۔

اس شہر کا نام وہاں موجود 2 انسانوں جیسے مجسموں پر رکھا گیا تو کسی قدیم جوڑے کے تھے۔

یہ مجسمے 500 سے 300 قبل مسیح پرانے ہیں۔

ماہرین کے اندازے کے مطابق یہ شہر 6 اسکوائر میل رقبے پر پھیلا ہوا تھا اور اسے گوئٹے مالا اور سلواکیہ کے ماہرین آثار قدیمہ نے دریافت کیا۔

انہوں نے ایک ہرم کو بھی دریافت کیا جو 33 میٹر بلند تھا جبکہ ایک منفرد نہری نظام بھی اس شہر میں موجود تھا۔

اس سے قبل اپریل میں میکسیکو میں ایک ہزار سال پرانے شہر کے آثار کو دریافت کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :