پاکستان
28 فروری ، 2012

سپریم کورٹ نے نرگس سیٹھی کو طلب کرلیا،سماعت 7مارچ تک ملتوی

سپریم کورٹ نے نرگس سیٹھی کو طلب کرلیا،سماعت 7مارچ تک ملتوی

اسلام آباد… سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس میں پرنسپل سیکریٹری نرگس سیٹھی کو طلب کر لیا ہے اور سماعت7مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ سماعت ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نرگس سیٹھی کو دستاویز سمیت بلوایا جائے میں ان پر جرح کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں معاملات قانون اور آئین کے مطابق چلتے ہیں اور آج چھریاں چاقو تیز کرنے والوں کو مایوسی ہوئی۔میرے پاس فون آئے تھے کہ وزیراعظم کو ہتھکڑی لگے گی اور صدر کے وارنٹ جاری ہونگے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ میری درخواست تھی کہ 3افراد کو جن کے دستخط ہیں انھیں بلایا جائے، مسعود چشتی اور بابر اعوان کو بھی بلوانا چاہتا تھا تاہم بابر اعوان اور مسعود چشتی گواہی دینے سے گریز کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دستاویزات صحیح ثابت ہوئے تو ان دونوں کو بلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہادتیں ختم ہونے کے بعد وزیراعظم کا تحریری بیان آخر میں پیش کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں اعتماد ہے کہ وزیراعظم بری ہو جائیں گے۔ کیس کی فیس اور سینیٹ کی سیٹ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وکلاء تحریک کے دوران وہ نواز شریف اور متحرمہ شہید کے مشترکہ امیدوار تھے، آج بھی پیپلز پارٹی میں ہیں اور رہیں گے اور آج پارٹی مجھے پارلیمنٹ میں لانا چاہتی ہے، سینیٹ کی ٹکٹ میری فیس نہیں۔

مزید خبریں :