04 اگست ، 2024
بنگلا دیش میں امن وامان کی ابتر صورتحال کے حوالے سے بنگلادیش میں پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف کا کہنا ہے کہ بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے، اپنے شہریوں خصوصاً زیر تعلیم طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہائی کمیشن کے حکام بنگلا دیش کی انتظامیہ سے بھی رابطے میں ہیں۔
سید احمد معروف نے کہا کہ بدلتی صورتحال سے طلبہ و طالبات کو بھی مسلسل آگاہ رکھا جارہا ہے، صورتحال خراب ہونا شروع ہوئی تو طلبا کو فوری ہائی کمیشن پہنچنےکا کہا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ جو طلبہ ہائی کمیشن نہیں پہنچ سکے ان کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ ہے، پاکستانی طلبہ سے کہا ہےکہ اپنے کمروں تک محدود رہیں، پاکستانی طلبہ موجودہ صورتحال سے اپنے آپ کو الگ رکھیں۔
سید احمد معروف کے مطابق بنگلا دیش میں زیر تعلیم 144 طلبہ میں سے ایک تہائی پہلے ہی وطن واپس پہنچ چکے ہیں، چند مزید طلبہ آج، کل میں پاکستان روانہ ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش میں رہ جانے والے طلبہ میں سے کچھ طلبہ ہائی کمیشن پہنچ چکے ہیں، ہائی کمیشن طلبہ سے مستقل رابطے میں ہے، پاکستانی ہائی کمیشن طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔