12 اگست ، 2024
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہےکہ وہ حکمرانی کے لیے حضرت عمر فاروقؓ کے ماڈل کی پیروی کرتی ہیں۔
مسجدنبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ وزیراعلیٰ آفس میں مریم نواز سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور درازی عمر کی دعا کی اور کہا کہ ان کے والد نواز شریف کے ساتھ سعودی شاہی خاندان کی دوستی اور رفاقت قابل رشک ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات اچھی رہی تھی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور ان کامشن بھی یہی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ حکمرانی کے لیے حضرت عمر فاروقؓ کے ماڈل کی پیروی کرتی ہیں، حضرت عمر فاروقؓ حکمرانوں کے لیے مینارہ نور اور مشعل راہ ہیں، ہمارا پاور ہاؤس مدینہ منورہ میں ہے، مجھے اتنا لاہورکا نہیں پتہ، جتنا مدینہ منورہ کی ہر ہر گلی کا علم ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم قرآن وسنت کے بعد امام کعبہ اور امام مسجد نبوی سے رہنمائی لیتے ہیں، امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی قرات سن کر رقت طاری اور ایمان تازہ ہوجاتا ہے، امام مسجد نبوی کی تشریف آوری ہر پاکستانی کے لیے اعزاز ہے۔
ملاقات میں ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہاکہ دعا ہے اللہ تعالی اہل پاکستان کی محبت کو برقرار رکھے۔