18 اگست ، 2024
پنجاب کے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی افواہوں میں صداقت نہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دریائے ستلج، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہے، بھاکڑا ڈیم 54 فیصد، پونگ 53 اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 26 فیصد تک ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی افواہوں میں صداقت نہیں اور آئندہ چند روز میں بھارت کی جانب سے پانی کے بڑے اخراج کا کوئی امکان نہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب ارسا اور محکمہ آبپاشی سے مسلسل رابطے میں ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو پیشگی الرٹ کیا جائے گا۔
صوبے میں سیلابی صورتحال پر پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کمشنرز، ڈی سیز کو ممکنہ فلیش فلڈنگ سے الرٹ کردیا گیا ہے، کوہ سلیمان میں بارشوں سے ڈیرہ غازی خان، راجن پور میں سیلابی صورتحال ہے، راجن پور کاہا، چاچر، پٹوک، زنگی رود کوہیوں سے درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راجن پور کالا بھگا رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، ڈیرہ غازی خان سخی سرور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، سیلابی ریلوں کے راستوں میں مقیم شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔