20 اگست ، 2024
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف شارٹ ٹرم نہیں بلکہ 2 ماہ کا ہے اور اس کے بعد بہت بڑا سولر پروگرام لا رہے ہیں جو ہمیشہ کے لیے عوام کو زیادہ بلوں سے نجات دلائے گا۔
لاہور میں میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ 25 ارب روپے سے اسکالر شپ اسکیم شروع کررہے ہیں، 30 ہزار کو بائیکس دے رہے ہیں، الیکٹرک بائیکس سے طلبہ کو اسکول، کالج اور یونیورسٹی جانے میں آسانی ہو گی جب کہ 61 بسیں ان تحصیلوں میں دے رہے ہیں جہاں اسکول بسیں نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ سندھ کا نام لیے بغیر کہا کہ کسی نے یہ لفظ استعمال کیا بجلی سستی کرنا بے وقوفی ہے تو اس پر ہنسی آگئی، کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا، پروٹوکول پر پیسے خرچ کرنا، ہیلی کاپٹرز، جہازوں ، گاڑیوں کے قافلوں اور گھروں پرپیسے خرچ کرنا کیا بے وقوفی نہیں؟ عوام کو ریلیف دینا بے وقوفی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف شارٹ ٹرم نہیں بلکہ 2 ماہ کا ہے اور اس کے بعد بہت بڑا سولر پروگرام لا رہے ہیں جو ہمیشہ کے لیے عوام کو زیادہ بلوں سے نجات دلائے گا۔