21 اگست ، 2024
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ کارسازحادثہ کیس کو قانون کے مطابق چلایا جارہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اس حادثے میں پولیس فوری موقع پر پہنچی، پولیس نے ہجوم سے اس خاتون کی بھی حفاظت کی۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ خاتون ڈرائیور نے دوغلطیاں کر رکھی تھیں، اس خاتون نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا، وہ خاتون کرمنل نہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس نے خاتون کی ضمانت نہیں ہونے دی، قانون کے مطابق اس کیس کو چلایا جارہا ہے۔
کراچی پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پرکافی حد تک قابوپایاہے،موبائل فون اور گاڑیاں چھیننےکے واقعات میں کمی آئی ہے، موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ پولیس اور رینجرز جرائم کےخاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پرکام کررہے ہیں، پولیس جس طرح جرائم پیشہ عناصرکےخلاف سرگرم ہے اس طرح پولیس کو سپورٹ نہیں کیا جارہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اے وی ایل سی کی ٹیم بھی اچھا کام کررہی ہے، پولیس کارروائیوں میں غیر معمولی تیزی آئی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اگست میں 15 ڈاکو مارے گئے، 111 زخمی حالت میں گرفتارہوئے، اس ماہ 400 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کیے۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ چار بڑے گینگز کا قلیل عرصے میں خاتمہ کیا، کورنگی کازوے اور اطراف میں سرگرم گینگ کا بھی خاتمہ کیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلےسائٹ میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹے گئے اور 2 افرادکو قتل کیا گیا، یہ کیس بھی پولیس نے حل کرلیا، کیس کا ایک ملزم مارا گیا جبکہ دوسرا گرفتار ہے۔
کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ سچل پولیس کے 3 جوان کل ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی ہوئے۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ مددگار ون فائیو کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مددگار ون فائیو کی 35 خراب گاڑیوں کو فعال کررہے ہیں۔