21 اگست ، 2024
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت23 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ مین کونسل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں لہٰذا وہ آج پیش نہیں ہوسکتے، سماعت ملتوی کی جائے۔
نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا کہ وکلا صفائی تاخیری حربے استعمال کرکے کیس کو التوا میں ڈالنا چاہتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضع احکامات ہیں ٹرائل کو جاری رکھا جائے، وکلا صفائی آٹھویں مرتبہ آج ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کیلئے موجود نہیں۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی اور یوں ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہ ہوسکی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی نوٹس پر نیب پراسیکیوٹرز نے متعلقہ ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا۔ عدالتی حکم پر نیب نے کیس بند کرنے کی کاپی بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو فراہم کر دی۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا تھا تاہم آج عدالت نے سٹے آرڈر واپس لے لیا۔