15 فروری ، 2013
ماسکو…روس میں شہاب ثاقب کے ٹکڑے گرنے سے 4سو افراد زخمی ہوگئے۔ فیکٹری سمیت کئی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔روس کے علاقے یوورول پر جلتے ہوئے شہاب ثاقب آسما ن سے گزرے ،جنہیں سینکڑوں کلومیٹر دور سے دیکھاگیا۔روس کی وزارت ایمرجنسیز کے مطابق شہاب ثاقب کا ٹکڑا چیلجیابنسک علاقے کے اُوپر پھٹا ہے۔شہاب ثاقب کی بارش کے باعث زمین لرز گئی ، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں کے الارم بھی خود بخود بجنے لگے۔شہاب ثاقب کے ٹکڑے گرنے سے کئی عمارتیں تباہ ہوئیں،زنک فیکٹری کی عمارت گر گئی۔ جس سے اب تک 4 سو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے،ماہرین فلکیات نے فٹ بال کے نصف گراوٴنڈ کے برابر سائز کے سیارچے کی زمین کے قریب سے گزرنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ناسا کے اندازوں کے مطابق ایسے سیارچے اوسطا ًہر 40 برس میں ایک بار زمین کے قریب سے گزرتے ہیں۔ تاہم اُن کا زمین سے ٹکرانے کا واقعہ ہر 1200 برس میں ایک مرتبہ ہوتا ہے۔