28 اگست ، 2024
سابق صدر عارف علوی پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات ختم کرنے کیلئے متحرک ہو گئے۔
عارف علوی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ناراض رہنماؤں عاطف خان، جنید اکبر اور شکیل خان سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعلیٰ کے خلاف بیانات دینے سے روک دیا۔
سابق صدر نے تینوں رہنماؤں کو سوشل میڈیا پر مخالف بیانات دینے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی جبکہ عاطف خان اوردیگر رہنماوں نے عارف علوی کو بیان نہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عارف علوی نے متعلقہ رہنماؤں کو جلد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ خیال رہے کہ شکیل خان کی کابینہ سے برطرفی کے بعد پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آئے تھے۔
عاطف خان اور جنید اکبر نے شکیل خان کے حق میں بیان دیا تھا اور شیرعلی ارباب نے بھی گڈ گورننس کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے ان رہنماؤں کو پارٹی عہدوں سے بھی ہٹا دیا تھا۔