16 فروری ، 2013
اسلام آباد… محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، گوجرانوالہ، لاہور، راول پنڈی،ساہیوال ڈویژن میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ مری،گلیات سمیت پہاڑوں پر مزیدبرف باری ہونے کا امکان ہے۔ ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج دن کے وقت موسم صاف ہوجائے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، کوئٹہ،ژوب، سبی، خضدار، مکران ڈویژن، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور کشمیر میں کہیں کہیں پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش بارکھان میں 27 ملی میٹر،مالم جبہ22،ساہیوال21،خضدار20اورقلات میں 16ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت پاراچنارمیں منفی09اور گوپس میں منفی04 رہا۔