Time 09 ستمبر ، 2024
پاکستان

یہ اب قانون بن چکا ہے، عمران خان نیب ترامیم کا سہارا لینےکا دفاع کرنے لگے

راولپنڈی:عمران خان نیب  ترامیم پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا سہارا  لےکر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عدالت سے ریلیف مانگنے سے متعلق صحافی کے سوال کا واضح جواب نہ دے سکے اور  اسے قانونی معاملہ قرار دے دیا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سےگفتگو کے دوران عمران خان سے سوال ہوا کہ آپ نے بھی تو نیب ترامیم کا سہارا  لےکر عدالت  سے  ریلیف مانگا ہے؟ اس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ  نیب ترامیم اب ملک کا قانون بن چکا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ کی بریت کی درخواست میں نیب ترامیم کا حوالہ ہے، مطلب این آر  او کا فائدہ  اٹھا رہے ہیں؟  عمران خان نے کہا کہ میرے سارے کیسز جھوٹے ہیں، یہ کچھ بھی ثابت نہ کرسکے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیسز  جھوٹے تھے تو  آپ کیس لڑتے، نیب ترامیم کا سہارا کیوں لیا؟

اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ  اس کو چھوڑیں یہ قانونی معاملہ ہے۔

اس دوران صحافیوں نے  علی امین گنڈا پور کی جانب سے صحافیوں کے خلاف نامناسب زبان کے استعمال پر عمران خان سے احتجاج کیا اور کہا کہ  علی امین گنڈا پور  نے صحافیوں کو  دھمکیاں دیں اور  نامناسب زبان استعمال کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ علی امین نے کیا کہا ہے میں تو جیل میں ہوں۔

صحافیوں نے کہا کہ  آپ کو ساری چیزوں کا علم ہوتا ہے صحافیوں کو گالیاں پڑنے کا علم نہیں؟ عمران خان نے کہا کہ جیل میں ہوں مجھے نہیں معلوم باہر کیا ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :