Time 10 ستمبر ، 2024
پاکستان

بنوں میں سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کا کیس، جج ہمایوں دلاور کے وارنٹ جاری

بنوں میں سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کے کیس میں اسپیشل جج سینٹرل 2 اسلام آباد ہمایوں دلاورکے وارنٹ جاری کردیے گئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت بنوں میں ہمایوں دلاورسمیت 4 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔

کیس کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوشن افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محبوب الحسن نے ہمایوں دلاور سمیت 4 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔ عدالت نے حکم دیاکہ ملزمان کی گرفتاری اور عدالت میں پیش ہونے تک وارنٹ مؤثر رہے گا۔ 

پولیس کے مطابق جج ہمایوں دلاورکے بھائی، والد اور رجسٹرار کے بھی وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی کا کہناتھاکہ 39 کنال کی سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر اسپیشل جج ایف آئی اے اسلام آباد کورٹ ہمایوں دلاور، ان کے والد، بھائی اور چچا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے بنوں میں ڈیڑھ ارب کی مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے جعلی اندراج کے ذریعے زمین اپنے نام کر کے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شامل کی جس سے حکومت کو کڑوروں روپے کا نقصان ہوا ہے

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اینٹی کرپشن نے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے، جج ہمایوں دلاور ہاوسنگ سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو  قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطل کردی تھی اور ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :